سیول،8اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) شمالی کوریا کی جانب سے میزائل اور جوہری تجربات کے سبب خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کے تناظر میں چینی بحریہ نے آج جنگی مشقیں کی ہیں۔ یہ مشقیں منگل کی صبح جزیرہ نما کوریا کے قریبی سمندروں میں کی گئیں۔ چینی وزارت دفاع نے تاحال یہ نہیں بتایا ہے کہ جنگی مشقیں کب تک جاری رہیں گی۔ چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پچھلے ہفتے کے اختتام پر شمالی کوریا کے خلاف اب تک کی سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کرنے سے متعلق امریکی قرارداد کی حمایت میں ووٹ دیا تھا۔ بیجنگ حکومت واضح کر چکی ہے کہ پیونگ یانگ کے متنازعہ اور اشتعال انگیز رویے کے خلاف وہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔